عدالت نے ہندوفریق کومسجدکے تہہ خانےمیں دیاپوجاکرنے کا حق
گیا نواپی مسجد معاملہ میں عدالت نے ہندو فریق کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے ہندو فریق کو مسجد کے ویاس تہہ خانہ میں پوجا کرنے کا حق دے دیا ہے۔ عدالت کے اس حکم کے بعد اب مستقل طور پر پوجا پاٹھ کی جائے گی۔ ہندو فریق نے اس فیصلے کو بڑی جیت قرار دیا ہے۔ جبکہ مسلم فریق نے یہاں فیصلہ کو غلط قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خیال رہے کہ وارانسی کے گیان واپی کیمپس میں واقع و یاس تہہ خانہ میں پوجا کرنے کے حق کی مانگ والی شیلیندر کمار پاٹھک کی درخواست پر کل کی سماعت کے بعد ضلع جج نے فیصلہ محفوظ رکھا تھا، جس پر آج فیصلہ سنا دیا گیا۔ عدالت کی طرف سے جاری کردہ حکم میں کہا گیا ضلع مجسٹریٹ وارانسی کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ سیٹلمنٹ پلاٹ نمبر 9130 تھا نہ چوک ، ڈسٹرکٹ وارانسی میں واقع عمارت، جو کہ سوٹ پراپرٹی ہے، کے جنوب کی طرف واقع تہہ خانہ کی مورتیوں کی کاشی وشواناتھ ٹرسٹ بورڈ کے ذریعہ نامزد کردہ مدعی سےپوجا کرائیںاور اس مقصد کیلئے لوہے کی باڑ وغیرہ میں 7 دنوں کے اندر مناسب انتظامات کریں ۔ ہندو فریق کے وکیل وشنوشنکر جین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ضلع انتظامیہ کو سات دن کے اندر پوجا کرانے کے لیے انتظام کرنے کو کہا گیا ہے۔ جیسے ہی انتظامیہ یہ کر دے گی ، ویسے ہی پوجا شروع ہو جائے گی۔ جین نے پوجا کرنے کے طور طریقہ پر بھی تبصرہ کیا ہے۔ وشنو شنکر جین نے کہا، ” کاشی وشوناتھ ٹرسٹ یہ طے کرے گا کہ پوجا کس طرح ہوگی ۔ اسے بہتر معلوم ہے۔ ہمارا قانونی کام تھا جو ہم نے پورا کیا ہے۔ اب کاشی وشوناتھ ٹرسٹ کے اوپر ہے کہ پوجا شروع کی جائے۔ پوجا کے لیے بھکتوں سے لے کر پجاری تک سبھی کو جانے کی اجازت ہوگی ۔انہوں نے کہا، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جو جسٹس کے ایم پانڈے نے یکم فروری 1986 کو رام مندر میں تالا کھولنے کا حکم دیا تھا۔ میں آج کے اس حکم کو اسی تناظر میں دیکھتا ہوں۔ یہ کیس کا اہم موڑ ہے۔ ایک حکومت نے اپنی طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے ہندو سماج کی پوجا پاٹھ رو کی تھی ۔ آج عدالت نے اپنے قلم سے اسے درست کر دیا۔ مسلم فریق یعنی انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی کے وکیل اخلاق احمد نے کہا کہ یہ فیصلہ غلط ہے۔ یہ حکم سابقہ احکامات کو در کنار کرتے ہوئے دیا گیا ہے۔ ہم اس کے خلاف ہائی کورٹ جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق 17 جنوری کو عدالت کے حکم پر ضلع انتظامیہ نے ویاس تہہ خانے کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔ اے ایس آئی کے سروے کے دوران تہہ خانے کی صفائی کی گئی۔ اب ڈسٹرکٹ جج نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ پوجا وشوناتھ مندر کے پجاری ہی کرائیں گے۔