وہ لوگ جن کی شب برات میں بھی مغفرت نہیں ہوتی
شب برات بہت قیمتی ، انتہائی فضیلت اور بڑی برکت والی رات ہے، اس رات میں خدائے پاک کی خوشنودی اور رضا مندی کے حصول کے لئے زیادہ سے زیادہ عبادت کرنی چاہئے، اس رات میں نیکیوں کا بھاؤ بڑھ جاتا ہے اور اللہ جل شانہ کے لئے تھوڑی عبادت بھی بے انتہاء اجر و ثواب رکھتی ہے، اس رات میں اللہ جل شانہ تمام گنہگاروں کو بخش دیتا ہے البتہ “مشرک، کینہ رکھنے والا، والدین کی نافرمانی کرنے والا، رشتہ داروں سے رشتہ توڑنے والا، شراب نوشی کرنے والا، زنا کرنے والا، ٹخنوں سے نیچے لنگی یا پاجامہ پہننے والا، ہاتھوں کے نشانات دیکھ کر غیب کی باتیں بتانے والا، جادوگر اور کاہن ( غیب کی چیزیں بتانے والا )، جیسے آج کل فال والے اور نا جائز عملیات کرنے والے کرتے ہیں، یہ لوگ نہیں بخشے جاتے (سنن بیہقی ).
لیکن ان گناہوں کی وجہ سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ بلکہ ان گناہوں سے آج کی رات سچی اور پکی توبہ کی ضرورت ہے، آج کی رات کی برکتوں اور فضیلتوں کے حصول اور دعاؤں کی قبولیت کے لئے ان گناہوں سے پر ہیز نہایت ضروری ہے۔