وقت کی اہمیت ـ Time Management

ہم وقت کے قیدی کیوں بنتے ہیں؟

ہم وقت کے قیدی کیوں بنتے ہیں؟
کہا جاتا ہے کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، لیکن سچ تو یہ ہے کہ ہم خود ہی وقت کا اتنا انتظار کرتے ہیں کہ دنیا ہم سے آگے نکل جاتی ہے۔ عجیب بات ہے کہ انسان اپنے خوابوں میں تیزی چاہتا ہے، مگر اپنی عملی زندگی میں ہر قدم گھڑی سے اجازت لے کر رکھتا ہے:
اچھا… کل کر لیں گے۔ ابھی نہیں، تھوڑی دیر بعد۔ گویا وقت نے ہماری زنجیریں پہن رکھی ہوں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ زنجیریں ہم نے خود ہی گانٹھ لگا کر باندھی ہیں۔ہر انسان کے پاس دن کے چوبیس گھنٹے برابر ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ پھر کچھ لوگ زمانے کو بدل دیتے ہیں، اور کچھ لوگ زمانے کی بھیڑ میں کھو جاتے ہیں؟ اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ کچھ لوگ وقت کو استعمال کرتے ہیں، اور کچھ لوگ وقت سے استعمال ہوجاتے ہیں۔ فرق صرف ایک عادت کا ہے ترجیحات کا فیصلہ۔

مدارس کے طلبہ کو کمپیوٹر سیکھنا کیوں ضروری ہے؟ جدید دور کا ایک فکری تقاضا
مدارس کے طلبہ کو کمپیوٹر سیکھنا کیوں ضروری ہے؟ جدید دور کا ایک فکری تقاضا مدارس اور ڈیجیٹل تعلیم دینی مدارس جدید ٹیکنالوجی مدارس میں کمپیوٹرکی تعلیم


ہمارے معاشرے میں سستی کو ” سوچنے کا وقت” اور ٹال مٹول کو احتیاط کا نام دے دیا جاتا ہے۔ انسان اپنے ارادوں کی موت کو عقل کی دلیلوں سے معاف کروانا چاہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم زندگی بھر مصروف رہتے ہیں، مگر آگے نہیں بڑھ پاتے۔ ہم نے اپنی فطرت ہی بدل ڈالی ہے:
کتاب پڑھنے کو وقت نہیں، لیکن سوشل میڈیا پر گھنٹوں ضائع کرنے کے لیے دل ہمیشہ تیار ہے۔
گھر والوں سے بات کرنے میں مشکل، مگر دوسروں کی زندگی پر تبصرہ کرنے کو ہم فرضِ عین سمجھتے ہیں۔
اور سب سے بڑی سچائی یہ ہے کہ جو لوگ وقت ضائع کرتے ہیں، وہ آخر میں خود ہی ضائع ہو جاتے ہیں۔
وقت کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ کسی کے لیے نہیں رکتا، اور سب سے بڑا ظلم یہ ہے کہ ہم اس کی قدر یاد ہی تب کرتے ہیں جب یہ ہاتھ سے نکل چکا ہوتا ہے۔ انسان کی کامیابی کا راز وقت کو سنبھالنے میں نہیں، بلکہ خود کو وقت کے مطابق سنبھالنے میں ہے۔ اگر ہمارے ارادے مضبوط ہوں تو چند لمحے بھی کافی ہیں، اور اگر دل کمزور ہو تو برسوں کی محنت بھی بے فائدہ ہے۔زندگی ہر روز ایک نیا صفحہ کھولتی ہے، لیکن ہم پرانے صفحات میں اتنا الجھ جاتے ہیں کہ نئے موقعے ہماری نظروں سے گزر جاتے ہیں۔ شاید اب وقت آگیا ہے کہ ہم وقت کے پیچھے دوڑنا چھوڑ دیں… اسے ساتھ لے کر چلنا سیکھیں۔

خصوصی مضمون برائے گفتار
جہاں الفاظ سوچ میں بدلتے ہیں

https://www.youtube.com/@TariqueForU

اپنا تبصرہ بھیجیں