جب علم انسان سے نکل کر مشین کے پاس چلا جائے | اے آئی اور اسلامی فکر AI aur Islami Fikr Jab Ilm Insaan Se Nikal Kar Machine Ke Paas Chala Jaye Artificial Intelligence ke daur mein ilm ka insani zihin se machine ki taraf intiqal, Islami uloom par asraat aur ahl-e-ilm ki zimmedariyon par ek fikri mazmoon.

جب علم انسان سے نکل کر مشین کے پاس چلا جائے

جب علم انسان سے نکل کر مشین کے پاس چلا جائے
(علمی اتھارٹی کے بدلتے ہوئے مراکز پر ایک فکری و تہذیبی مطالعہ)
تمہید: ایک خاموش مگر فیصلہ کن تبدیلی
ہم ایک ایسے دور میں داخل ہو چکے ہیں جہاں علم کی تلاش اب کسی استاد کے دروازے پر دستک نہیں دیتی، نہ کسی کتاب کے اوراق پلٹتی ہے، بلکہ چند لمحوں میں ایک اسکرین پر نمودار ہو جاتی ہے۔ سوال پوچھنے والا یہ نہیں سوچتا کہ جواب دینے والا کون ہے، اس کی اہلیت کیا ہے، یا وہ جواب کس فکری روایت سے جڑا ہوا ہے؛ بس یہ دیکھا جاتا ہے کہ جواب فوراً مل گیا یا نہیں۔
یہ تبدیلی بظاہر سہولت کا نام ہے، مگر حقیقت میں یہ انسانی تاریخ کی ایک بنیادی فکری تبدیلی ہے۔ کیونکہ یہاں صرف سوال پوچھنے کا طریقہ نہیں بدلا، بلکہ علم کی اتھارٹی (Authority of Knowledge) خاموشی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو رہی ہے۔
یہ مضمون اسی خاموش تبدیلی کو سمجھنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔
علم ہمیشہ انسان کے ساتھ کیوں جڑا رہا؟
انسانی تاریخ میں علم کبھی مجرد معلومات (Information) کا نام نہیں رہا۔ ہر دور میں علم کے ساتھ ایک ذمہ دار انسان موجود رہا ہے۔ استاد، عالم، فقیہ یا محدث — یہ سب محض معلومات منتقل نہیں کرتے تھے، بلکہ:علم کا صحیح محل بتاتے تھے،سوال کے پیچھے نیت اور پس منظر کو سمجھتے تھے،اور کبھی کبھی جواب نہ دینا بھی علمی دیانت سمجھتے تھے۔
اسلامی روایت میں تو یہ تصور اور بھی مضبوط ہے۔ یہاں علم:سند سے جڑا ہوا ہے،فہم کے بغیر معتبر نہیں،اور تقویٰ کے بغیر مشکوک ہو جاتا ہے۔
اسی لیے ہمارے علمی ورثے میں ہمیشہ یہ سوال بنیادی رہا:یہ بات کہنے والاکون ہے؟کیونکہ علم اگر غلط ہاتھ میں چلا جائے تو وہ ہدایت کے بجائے گمراہی بن جاتا ہے۔
ڈیجیٹل دور میں علم کہاں منتقل ہو رہا ہے؟
ڈیجیٹل عہد نے اس بنیادی سوال کو غیر اہم بنا دیا ہے۔ اب سوال یہ نہیں کہ:جواب کس نے دیا؟کس منہج پر دیا؟کس مکتبۂ فکر کے مطابق دیا؟
بلکہ اصل سوال یہ ہے:“کیا جواب جلدی مل گیا؟”
مصنوعی ذہانت (AI) اسی ذہنی تبدیلی کی علامت ہے۔ AI نہ عالم ہے، نہ طالبِ علم، نہ کسی روایت کا امین؛ مگر اس کے باوجود وہ تیزی سے علم کا مرجع بنتا جا رہا ہے۔ لوگ اس سے مذہب، اخلاق، تاریخ اور حتیٰ کہ عقائد سے متعلق سوالات بھی پوچھنے لگے ہیں۔یہاں خطرہ AI کی موجودگی نہیں، بلکہ خطرہ یہ ہے کہ:ہم نے علم کے ساتھ جڑی انسانی ذمہ داری کو نظر انداز کر دیا ہے۔
مسئلہ AI نہیں، مرجعیت (Authority) کا ہے:
یہ بات سمجھنا بہت ضروری ہے کہ AI خود کوئی رائے نہیں رکھتا۔ وہ ڈیٹا سے سیکھتا ہے،اکثریت کو ترجیح دیتا ہےاور پیچیدگی کو سادگی میں بدل دیتا ہے۔لیکن اسلامی علوم:اکثریت پر نہیں، دلیل پر کھڑے ہوتے ہیں۔سادگی نہیں، گہرائی مانگتاہے،اور اختلاف کو فتنہ نہیں، وسعت سمجھتاہے۔
جب دینی سوالات AI سے پوچھے جاتے ہیں تو دراصل ہم ایک ایسے نظام سے جواب مانگ رہے ہوتے ہیں جواختلاف کو الجھن سمجھتا ہے۔احتیاط کو کمزوری
اور خاموشی کو ناکامی سمجھتاہے۔یہی وہ مقام ہے جہاں علم کی روح خطرے میں پڑ جاتی ہے۔
اسلامی علوم کے لیے یہ تبدیلی کیوں زیادہ خطرناک ہے؟
اسلامی علوم محض سوال و جواب کا مجموعہ نہیں، بلکہ ایک مکمل فکر ودانشمندی،تہذیب و تمدن اورو اخلاقی نظام ہے۔ یہاںہر مسئلے کا ایک ہی جواب نہیں ہوتا،
حالات، نیت اور مصلحت کو دیکھا جاتا ہے،اور بعض سوالات کا جواب “ابھی نہیں” بھی ہو سکتا ہے،AI اس مزاج کو نہیں سمجھ سکتا، کیونکہ وہ سوال کے پیچھے انسان نہیں دیکھتا،اور جواب کے اثرات کا اخلاقی بوجھ نہیں اٹھاتا۔اگر اسلامی علوم کی مستند اور منظم نمائندگی ڈیجیٹل دنیا میں موجود نہ ہوئی، تو لازمی طور پر AI کے جوابات:اسلامی روایت کے مزاج کی صحیح ترجمانی نہیں کر سکیں گے۔
اس صورتِ حال کا اصل حل کہاں ہے؟
یہاں پہنچ کر ایک بنیادی غلطی سے بچنا ضروری ہے:حل یہ نہیں کہ AI کو “اسلامی” بنا دیا جائے، بلکہ حل یہ ہے کہ اسلامی علوم کے حامل انسان تیار کیے جائیں
جو ڈیجیٹل دنیا میں علمی نمائندگی کی اہلیت رکھتے ہوں۔
یہ بحران مشین کا نہیں، اہلیت کا بحران ہے۔سوال یہ نہیں کہ AI کیا کر رہا ہے، بلکہ سوال یہ ہے کہ کیا ہمارے پاس ایسے علماء ہیں جو علمی گہرائی بھی رکھتے ہوں
عصری شعور بھی اور دنیا کے سامنے پیش کرنے کی صلاحیت بھی؟اگر جواب نفی میں ہے، تو یہ خلا کوئی نہ کوئی ضرور پُر کرے گا جو اس میدان میں موجودگی ثابت کرے گا،لیکن ہماری طرف سے نہیں۔
اختتامیہ: یہ مضمون کہاں لے جانا چاہتا ہے؟
اگلا سوال خود بخود سامنے آتا ہے:
کیا مشین واقعی دین کو سمجھ سکتی ہے؟
یا ہم نے فہمِ دین کے تقاضے ہی بدل دیے ہیں؟

اپنا تبصرہ بھیجیں